نئی دہلی 10جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کرناٹک میں سیاسی بحران کے درمیان حراست میں لئے گئے کانگریس کے قدآور لیڈر ڈی کے شیو کمار کو ممبئی پولیس نے رہا کر دیا ہے۔ حراست سے رہا ہونے کے بعد ڈی کے شیو کمار نے بی جے پی اور ممبئی پولیس پر جم کر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی پولیس کو شرم آنی چاہئے انہوں نے مجھے میرے شہری حقوق کے استعمال سے روکا ہے۔ ہوٹل میں میری بکنگ تھی لیکن مجھے ہوٹل کے عملے نے بتایا کہ ان پر بھی دباؤ بنایا جا رہا ہے۔ میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ جمہوریت میں حکومت آتی اور جاتی ہے، لیکن کسی کو بھی قانون کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ میں قانون پر انحصار کرنے والا شہری ہوں، یہاں اپنے دوستوں اور پارٹی سے وابستہ لوگوں سے ملنے آیا تھا، لیکن وہ مجھے ان سے ملنے نہیں دے رہے ہیں، جبکہ پارٹی کے ممبر اسمبلی مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔ میں آپ کو صاف کر دینا چاہتا ہوں کہ ممبئی پولیس نے جو دلیل دی ہے وہ حقیقت سے کوسوں دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی باغیوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ اس سے پہلے کانگریس کے باغی اراکین اسمبلی سے ملنے آئے ڈی کے شیو کمار کو ممبئی پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔ ڈی کے شیو کمار ، ملند دیوڑا کے ساتھ مل کر کانگریس ممبران اسمبلی سے ملنے جا رہے تھے۔ کانگریس کے وزیر ڈی کے شیو کماراور جے ڈی ایس ممبر اسمبلی شوا لنگا گوڑا بدھ کو اسپیشل فلائٹ سے بنگلور سے ممبئی پہنچے تھے۔ دونوں لیڈر باغی ممبران اسمبلی سے ملاقات کرنے کے لئے ممبئی پہنچے تھے۔ اگرچہ ممبئی کے جس ہوٹل میں باغی ممبر اسمبلی ٹھہرے ہیں،وہاں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی تھی۔